User:Sanjhlokraj
ارتقاء ارتقاء کا مطلب ہے ترقی۔ آگے بڑھنا، پھلنا پھولنا۔ اس کے مدمقابل جمود کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ جمود کا مطلب ہے ایک ہی جگہ ٹھہرے رہنا یا ایک ہی دائرے میں حرکت کرنا یعنی جہاں سے شروع کرنا وہیں واپس آجانا۔ دنیا میں کوئی چیز ایک جگہ ٹھہری ہوئی نہیں۔ ہر چیز مسلسل تبدیلی کے عمل سے گذر رہی ہے۔ جوں جوں گھڑی کی سوئی آگے بڑھتی رہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دنیا میں لمحہ بہ لمحہ تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہے۔ یہ تبدیلیاں ہمیشہ ناقابلِ واپسی ہوتی ہیں۔ ان ناقابلِ واپسی تبدیلیوں ہی سے وقت کا تصور ابھرتا ہے۔ جیسے کسی ایک جگہ پر کسی خشک ٹہنی پر ایک کونپل پھوٹی اُسی لمحے کرۂ ارض پر کئی بچے دنیا میں آئے کئی لوگ دنیا سے رخصت ہوگئے۔ جو لوگ سفر میں تھے انہوں نے کتنا سفر طے کرلیا۔ دریاؤں سے کتنا پانی گذرگیا۔ کتنے لوگوں نے کھانا کھایا۔ کتنی فصل بوئی گئی۔ کتنی کاٹی گئی۔ کتنے گلیشیئر پگھلے وغیرہ الغرض ایک کونپل کا پھوٹنا ایک اکلوتا واقعہ ہے مگر یہ اکلوتا واقعہ پوری کائنات میں رونما ہورہی حرکت کے ساتھ جُڑا ہوا ہے۔ ایک کونپل پھوٹنے کے واقعے کو یعنی اس تبدیلی کو واپس کرنے کا مطلب ہے پوری کائنات میں ہورہی حرکت کو پیچھے دھکیلنا، یہ ممکن نہیں۔ ارتقاء نہ صرف بے جان مادے کا بلکہ زندگی کا بھی بنیادی اصول ہے۔ علوم سائنس کی ترقی نے انسان کو اس قابل بنایا ہے کہ اس نے آج سے کروڑوں سال پہلے اس کرۂ ارض پر ہونے والی تبدیلیوں کا بھی صحیح صحیح علم حاصل کرلیا ہے۔ لیکن اس سٹڈی سرکل کا مقصد انسانی معاشرے یا سماج میں ہونے والی تبدیلیوں کو زیرِ بحث لانا ہے۔ آگ کا استعمال سیکھنے سے پہلے کا انسان اُس انسان سے بالکل مختلف تھا جس نے ابھی آگ کا استعمال نہیں سیکھا تھا۔ شکار پر گذارا کرنے والا انسان اس انسان سے بالکل مختلف تھا جس نے زراعت سیکھی۔ صنعتی دور کا انسان زرعی سماج سے بالکل مختلف ہے۔ یہ دنیا ابتداء ہی سے ایسی نہیں تھی جیسی آج ہے۔ یہ مسلسل تبدیلیوں کے عمل سے گذر رہی ہے۔ آپ سفر ہی کو لیجئے۔ ابتدائی غار کے زمانے میں انسان پیدل سفر کیا کرتا تھا۔ اس سفر کی ضرورت اُسے شکار کی تلاش کی وجہ سے پڑتی تھی۔ پھر جب انسان نے زراعت سیکھی اور دریاؤں کے کنارے ابتدائی بستیاں آباد کیں۔ تو زراعت کی ضرورت کے مطابق اور نقل و حمل کے لیے گھاس خور جانوروں کو قابو میں کیا۔ پہاڑ سے لڑھکتے ہوئے گول چپٹے اور چورس پتھروں کے نیچے کی طرف آنے کی رفتار کے مشاہدے سے انسان نے پہیہ ایجاد کرلیا۔ پہیہ گاڑی بنائی۔ اس گاڑی میں جانور جوت کر نقل و حمل کو آسان بنایا۔ ہزاروں سال انسان نے پہیہ گاڑیاں استعمال کیں پھر ڈیزل انجن ایجاد ہوگیا تو پہیہ گاڑیوں میں جانوروں کی جگہ اب مشین نے لے لی۔ ریل گاڑی آئی۔ بُلٹ ٹرین بنی۔ ہوائی جہاز سے راکٹ تک کا سفر ارتقاء ہی کی کہانی تو ہے۔ غاروں سے اپنی تہذیبی زندگی کا آغاز کرنے والے انسان نے اب بڑے بڑے شہر آباد کر لیے ہیں اور انہیں سڑکوں اور ہوائی راستوں سے جوڑ لیا ہے۔ ایک تبدیلی دوسری تبدیلیوں کو جنم دیتی۔ ایک نسل اپنے تجربات کو آئندہ نسلوں کو منتقل کرتی ارتقاء کے عمل کے جاری رہنے کا باعث بنتی ہے۔ پتھر اور لکڑی کے پہیے کو پختہ سڑک کی ضرورت نہ تھی۔ اس لیے کچی سڑکیں ہوا کرتی تھیں۔ رفتار کا بھی کوئی خاص تصور نہیں تھا۔ ربڑ کا پہیہ آیا تو پختہ سڑک کی ضرورت پیش آئی۔ رفتار کا تصور پیدا ہوا۔ اس طرح ایک تبدیلی دوسری تبدیلی کا پیشہ خیمہ بنتی گئی۔ بیل گاڑی کے زمانے میں چھاپہ خانہ اگرچہ ایجاد ہوچکا تھا۔ مگر اخبار کا رواج ریل گاڑی کے بعد ہی پیدا ہوسکتا تھا۔ اس طرح ارد گرد چیزوں میں تبدیلی دراصل خیالات میں تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔ آپ دیکھیں گے کہ سہولہویں صدی کے خیالات اکیسویں صدی کے انسانوں کے خیالات سے بہت پسماندہ ہوں گے آج اگر ہم ماضی میں ہونے والے ارتقاء کی تاریخ پر نظر دوڑائیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا میں ہمیشہ سے دو ہی طاقتیں برسرپیکار رہی ہیں۔ پہلی جمودی طاقتیں۔ جو معاشرے کو اور اس میں پھیلنے والے خیالات کو ایک ہی حالت پر ٹھہرا رہنے پر مجبور کرتی ہیں۔ یہ جمودی طاقتیں حکمران طبقہ اور ان کے وفاداروں پر مشتمل ہوتی ہے۔ دوسری ارتقائی طاقتیں۔ جو محنت کش طبقہ اور اس طبقے کے خیر خواہوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ جو تبدیلی کی طرف گامزن رہتی ہیں۔ معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہیں۔ تاریخ کا سفر اور خیالات انہی دونوں قوتوں کے آپس میں ٹکرانے کا نتیجہ ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ ارتقائی طاقتیں ہی ہمیشہ کامیاب ہوئی ہیں ورنہ انسان آج بھی غاروں میں زندگی بسر کررہا ہوتا۔ سماج کی سائنس کے عالموں نے بتایا ہے کہ جب یورپی ممالک میں پیداوار کا واحد ذریعہ زراعت تھی تو زرعی معیشت جاگیردار طبقے کے ذریعے بادشاہت کا سیاسی نظام قائم کرنے کا باعث بنی۔ پھر سماج کے درمیانے طبقے میں صدیوں تبدیلی کا عمل جاری رہا۔ ایجادات ہوئیں۔ مشین آگئی۔ مشین نے صنعت کو جنم دیا اور صنعت کی معیشت نے دو بڑے طاقتور اور آپس میں متحارب طبقے پیدا کیے۔ ایک صنعت کار اور دوسرے مزدور۔ صنعت کاروں کو اپنے کارخانوں کی مصنوعات کھلی منڈی میں فروخت کرنے کے لیے ایک نئے سیاسی نظام کی ضرورت پیش آئی تو انہوں نے جاگیرداروں سے لمبی لڑائیاں لڑ کر بادشاہتوں کا خاتمہ کرکے سرمایہ دارانہ جمہوریت قائم کردی۔ اس لڑائی میں جاگیردار ایک جمودی قوت تھے جبکہ صنعت کار ایک ارتقائی قوت۔ یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ جمودی اور ارتقائی قوتوں میں جدل یعنی لڑائی ہوتی رہتی ہے۔ جس کے نتیجے میں سماج آگے بڑھتا رہتا ہے۔ دنیا بھر میں جمودی قوتوں کے اپنے نظریات ہوتے ہیں جبکہ ارتقائی قوتوں کے اپنے الگ نظریات ہوتے ہیں جمودی قوتیں اپنے جمودی نظریات کے پرچار کے ذریعے معاشرے کو جامد رکھنے پر اپنا پورا زور لگاتی ہیں۔ جبکہ ارتقائی قوتیں جدید اور ترقی پر گامزن کرنے والے نظریات کے پرچار کے ذریعے معاشرے کو آگے بڑھانے کے لیے برسر پیکار رہتی ہیں۔ ان دونوں قوتوں کے خیالات میں فرق کی خاص نشانی یہ ہے کہ جمودی قوتیں ماضی پرست ہوتی ہیں او رزمانہ حال کو ماضی کے مطابق ڈھالنے کا پرچار کرتی ہیں جبکہ ارتقائی قوتیں مستقبل کی منصوبہ بندی کرتی ہیں۔ آپ تاریخ کے علم ہی کو لیجئے۔ جمودی قوتوں کا نظریہ ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ جبکہ تاریخ کا ریکارڈ یہ ثابت کرتا ہے کہ تاریخ کا اُٹھایا ہوا قدم کبھی واپس نہیں جاتا۔ تاریخ تبدیلیوں کا مسلسل آگے بڑھنے والا سفر ہے۔ اس کا ایک لمحہ بھی واپس نہیں لوٹا یا جاسکتا۔ دنیا کو جامد ثابت کرنے میں جمودی قوتوں کا فائدہ یہ ہے کہ وہ لوگوں کو اس بات کا یقین دلانا چاہتے ہیں کہ محنت کش طبقہ جتنی کوشش بھی کرلے ان کے حالات نہیں بدلیں گے۔ اس یقین دلانے کی کوشش میں وہ جاگیرداری کی عمر بڑھانے کی فکر میں ہوتے ہیں۔ اس کے مدمقابل ارتقائی قوتوں کا مقصد محنت کش طبقہ کو آزادی اور خوشحالی دلانا ہوتا ہے۔ یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب محنت کش طبقہ خود ایسی تبدیلی لانے کے لیے آمادہ ہو۔ یہ آمادگی انہیں زمانے کی حقیقتوں سے روشناس کروا کر، تبدیلی کے عمل پر ان کا اعتماد بحال کرکے کی جاسکتی ہے۔ محنت کش طبقے میں اعتماد کی مثال ایسی ہے جیسے سرکس میں ہاتھی کے بچے کو سنگل سے باندھ دیا جاتا ہے۔ وہ سنگل توڑنے کے لیے زور لگاتا رہتا ہے مگر زنجیر نہیں ٹوٹتی۔ لیکن جب وہ جوان اور طاقتور ہوجاتا ہے اور زنجیر توڑنے کے قابل ہو جاتا ہے تب تک وہ غلامی کی زنجیر کو ذہنی طور پر قبول کرچکا ہوتا ہے زنجیر توڑنے کی سوچ رکھنے والے کو بچہ سمجھتا ہے کیونکہ ایسی سوچ اس کے بچپن کی یادگار ہے اور غلامی کو قبول کرلینا ذہنی پختگی اور عقلمندی سمجھتا ہے۔ انسانی سماج میں ارتقا انسانی کوششوں کا مرہونِ منت ہے۔ یعنی سماجی ارتقا ایک ارادی عمل ہے۔ تبدیلی کی خواہش ہی تبدیلی لانے پر آمادہ کرتی ہے۔ مگر حکمران طبقہ ایک خاص کلچر، تعلیم، ادب و فن، مذہب اور حتی کہ کہانیوں کے ذریعے معاشرے میں ایسی سوچ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ جس سے محنت کش طبقے میں تبدیلی کی خواہش ہی پیدا نہیں ہوتی۔ سانجھ وسیع مطالعے اور گہرے مشاہدے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ جب تک سماج میں یہ شعور اجاگر نہیں ہوتا کہ دنیا مسلسل تبدیلی کے عمل سے گذررہی ہے اور ان تبدیلیوں میں انسان کا اپنا ارادہ اور کوشش شامل ہے تب تک یہ معاشرہ جامد رہے گا۔ اس پر جاگیرداروں، بیوروکریٹس اور فوج کا راج رہے گا۔ ارتقا اور مثبت تبدیلی کو زندگی کا بنیادی اصول مان کر محنت کش طبقہ کے نوجوانوں میں سماج کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا سانجھ کا ابتدائی قدم ہے۔