Jump to content

User:Naz nizami/شعر و اَدَب اور نیا عکسِ مفہوم

From Wikipedia, the free encyclopedia

New article name goes here new article content ...

               شعر و اَدَب اور نیا عکسِ مفہوم           نازؔ نظامی

وہ دِن گئے جب اَدَبی مجالس اَدَبی مقاصد کے لئے سجائی جاتی تھیں۔زبان اور اَدَب دونوں کی خدمت مقصود ہوتی تھی۔شعری نشستوں کے دوران اشعار پر تنقید ہوتی تھی۔شعر کے فنی اور معنوی دونوں پہلوئوں پر تبصرے ہوتے تھے۔زبان کی باریکیوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا تھا۔شعر کے فنی لواز مات پر سیر حاصل بحث ہوتی تھی۔الفاظ کے دُرست تلفّظ پر دھیان دیا جاتا تھا۔اب وہ لوگ بھی نایاب ہوتے جارہے ہیں اور وہ اَدَبی ماحول بھی۔ اب برائے نام اَدَبی مجلسیں منعقد ہوتی ہیں لیکن زبان و اَدَب کی خدمت کے لئے نہیں بلکہ نام و نمود اور ذاتی اغراض و مقاصد کے حصول کے لئے۔کبھی کبھی تو ایسی مجلسوں کا انعقاد بھی ہوتا ہے جن کا صرف نام اَدَبی لیکن رنگ سیاسی ہوتا ہے۔ عام طور پر اَدَبی مجلس کے نام پر چند چاپلوس لوگ اکٹھے ہوتے ہیں۔ایک دوسرے کی خوب تعریفیں کرتے ہیں۔سیاہ کو سفید ثابت کرنے کے لئے احمقانہ اور بے بنیاد دلائل پیش کئے جاتے ہیں۔شعر و اَدَب کے نام پر ایسے سیمینار اور مشاعرے منعقد کرنے کے منصوبے بنائے جاتے ہیں جن میں مہمانِ خصوصی کے طور پر کسی بڑے سرکاری افسر یا کسی وزیر کو بُلایا جاسکے تاکہ اپنے شاعر و ادیب ہونے کا دِکھلاوہ کرکے اُن سے متعارف ہوا جاسکے اور وہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں جن کا اَدَب سے دُور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا۔یہ بات کوئی اہمیت نہیں رکھتی کہ مہمانِ خصوصی کوئی اَدَبی شخصیت ہے یا نہیں۔ مشاعروں کے نام پر مشاعروں کی روایت کے ساتھ ساتھ شاعری کا بھی مذاق اُڑایا جاتا ہے۔تقریباً ہر مشاعرہ ،چاہے وہ چھوٹے شہر میں ہو یا بڑے شہر میں ، معیاری شعر و اَدَب کی حدود کو نہایت سُرعت کے ساتھ پھلانگتا ہوا ایک بے اَدَب اور بازاری قِسم کے پروگرام میں تبدیل ہوجاتا ہے۔مداری نُماشاعر فنِ شعر کے پر خچے اُڑاتا ہُوا اور بے ہنگم خیالات کا ہڑبونگ مچاتا ہوا جتنا زیادہ اوچھے پن پر اُتر آتا ہے،اُتنا ہی زیادہ کامیاب گردانا جاتا ہے۔گویا اب مشاعرہ لُوٹنا کوئی مشکل کام نہیں رہا ۔البتہ شاعری کو لُٹنے سے بچانا نہایت مشکل کام ہوگیا ہے۔بد بختی یہ ہے کہ مشاعرے سے پہلے کلام کو دیکھاپرکھا نہیں جاتا ہے۔کیونکہ کوئی شاعر کسی دوسرے شاعر کو اپنا کلام نظر ثانی کے لئے دینے یا دِکھانے میں اپنی توہین محسو س کرتا ہے۔اور ہر شاعر اپنا اُستاد خود ہی بن بیٹھتا ہے اور سمجھتا ہے کہ ؎ ’’ مُستَنَدہے میرا فرمایا ہُوا‘‘ دِل تب خون ہونے لگتا ہے جب وہ شاعربھی بڑی شان کے ساتھ بے وزن مصرعے دہراتا ہے جس کو دعوتِ کلام دیتے وقت بڑے بڑے القاب و آداب سے نوازا جاتا ہے اور تعریف کے پُل باندھے جاتے ہیں اور جو خود بھی اپنے آپ کو عظیم شاعر وادیب ،سماجی اصلاح کار، فلسفی اور نہ جانے کیا کیا گردانتا ہے۔ مشاعرے کی نظامت کا طور طریقہ بھی اب بدل گیا ہے۔اب ناظمِ مشاعرہ مولوی نذیر احمد کے ’’ توبتہ النصوح‘‘ کے کِردار ’ظاہر دار بیگ‘ جیسا ہوگیا ہے۔ صورتِ حال ہمیشہ سےایسی نہیں تھی۔ گزشتہ ڈھائی تین دھائیوں سے اَدَب اس غیر ادبی و غیر معیاری رجحان اور بازاری پن کا شکار ہوگیا ہے۔تقریباً نَو برس قبل محترم جگن ناتھ آزاد ؔ راقم الحروف کے نام اپنے ایک خط میں مرحوم نور الزّماں صدیقی نورؔ کا ذِکر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں، ’’----اکثر ایسا ہُوا ہے کہ ہم دونوں کسی شعری نشست میں یا مشاعرے میں شریک ہیں اَور ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر بیٹھے ہیں،تو اگر کسی شاعر نے اپنی غزل یا نظم میں کہیں فنی اغلاط کی ہیں تو ہماری نظریں ایک دوسرے کی جانب اُٹھ جاتی تھیں اور مجھے لاہور ،کراچی،دہلی کے مشاعرے یاد آجاتے تھے۔مذکورہ مشاعرے نئے شعرأ کے لئے ٹریننگ اسکول یاٹریننگ کالج نہیں ہوتے تھے۔ٹریننگ کاکام شعر و شاعری کے مستند اساتذہ اپنے طور پر مشاعروں سے باہر ہی کیا کرتے تھے----‘‘ (۵فروری۲۰۰۳ ؁ء ) آج کی اَدَبی مجالس میںاچھا ،بُرا ،بے معنی، بے تُکا،ہر قِسم کا کلام سراہا جاتا ہے اور معیاری اَدَبی فن پاروں کی نمائش کی جگہ اپنی نام نہاداور کھوکھلی شخصیت کومشاہیر کے سامنے اُجاگر کرنے کی اوچھی کوششیں کی جاتی ہیں اور یہ خیال بھی نہیں رہتا کہ شاعری تو شاعری ،اپنی تعریف میں کی جانے والی تقریر ہی میں سہی،زبان اور اَدَب کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ زبان و اَدَب کے ساتھ مذاق کی ایسی بدترین مثالیںتاریخ میں نہیں مِلتیں۔یہی وجہ ہے کہ موجودہ دَور زبان و اَدَب کے زوال کا دَورثابت ہوا ہے۔زبان تیزی کے ساتھ اپنی اصلیت ،اپنی شیرینی اور اپنا حُسن کھورہی ہے اوراَدَبی اور ٹکسالی زبان کی جگہ بازاری زبان پھل پھول رہی ہے۔اس طرزِعمل کے نتیجے میں عام طور پر جو اَدَب تخلیق ہورہا ہے ،وہ انسان کے ذہنی انتشار اور اوچھے پن کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔ دوسری طرف سِتم ظریفی یہ دیکھئے کہ عامیانہ اور بازاری قِسم کا اَدَبی مواداہمیت اختیار کرتا جارہا ہے جس میں اُن سرکاری اداروں کا بھی ہاتھ ہے جو زبان، اَدَب اور تمدّن کے رکھوالے سمجھے جاتے ہیں۔یہ اَدارے سوچے سمجھے منصوبوں کے تحت ایسے ہی اَدَب کو منظرِ عام پر لانے میںمعاونت کر رہے ہیں۔ سَنَد یافتہ عامیانہ اور بازاری قِسم کا اَدَبی مواد عام سامعین اور قاری کے لئے(جن کی تعداد زیادہ ہے) اَدَب کو پرکھنے کی ایک ادنیٰ قِسم کی کسوٹی بن جاتا ہے اورنتیجتاًوہ اَدَب سے اُن چیزوں کا مطالبہ کرتے ہیں جن سے اُن کے دماغ پر بوجھ نہ پڑے بلکہ محض دِل بہلانے کا سامان بہم پہنچے اور وہ سامان بھی عامیانہ نوعیت کا ہو۔ چناچہ اَدَبی مجالس اور مشاعروں کے کھوکھلے پن کے ساتھ ساتھ سامعین اور قاری کے کھوکھلے پن کا منظر بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔قاری اور اُدبا ٔ کی اکثریت کے اس کھوکھلے پن کو دوسرے لفظوں میں معاشرے کا کھوکھلا پن کہیں گے۔ کہتے ہیں حیاتِ انسانی کا معیار روز بروز بڑھتا جارہا ہے لیکن حقیقت دراصل اِس کے بر عکس ہے۔اِنسانی ذہن خود غرضی،خود پرستی اور اوچھے پن جیسی فِکری پستیوں کا شکار ہے اور مادیّت پرستی سر چڑھ کر بول رہی ہے۔گویا انسانی اقدار بدلنے کے ساتھ ساتھ انسانیت سے وابستہ الفاظ بھی اپنے معنی بدل رہے ہیں۔جیسے بے اصولی اب ’’حکمتِ عملی‘‘ کے معنوں میں مستعمل ہے۔لفظ ’’ہوشیار‘‘ ’’مکّار‘‘ کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے ۔بد تمیزی اورغنڈہ گردی کے لئے اچھا خاصا لفظ’’بہادری ‘‘استعمال کیا جاتا ہے۔چاپلوسی کو ’’سعادت مندی‘‘ ،ایمانداری کو’’ پاگل پن‘‘، صاف دِلی کو’’ حماقت‘‘،خاموشی کو ’’کم عِلمی، اور شرافت کو’’ بُزدِلی‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔لفظ’’ رشوت‘‘فصیح ہوکر’’تحفہ‘‘ ہوگیا ہے۔مطلب پرستی کے معنی اب منفی نوعیت کے نہیں رہے بلکہ ’’دوستی‘‘ ہوکر نہایت متبرک ہوگئے ہیں۔ لفظ ’’نمائش ‘‘ اب کوئی ایسا ویسا لفظ نہیں رہا بلکہ خیرات اور عبادت کے مِلے جھُلے معنوں میں مستعمل ہے۔یہاں تک کہ ’’خُدا‘‘ کے معنی بھی بدل گئے ہیں۔خُدا اب مال و دولت کے معنوں میں اِنسان کے دِل و دماغ میں گھر کر چُکا ہے۔ بین الا قوامی سیاست سے وابستہ اصطلاحیں اور ترکیبیں بھی کافی عرصہ پہلے اپنے مفہوم بدل چکی ہیں۔تفصیل میں نہ جاتے ہوئے مَیںکَل کا ایک واقعہ آپ کے سامنے رکھتا ہوں۔مَیں نے ایک بچّے سے پوچھا، امریکی صدر کون ہے؟ وہ جَھٹ سے بولا: اِسلام دُشمن ۔---- معنی و مفہوم کے اِس تغیّر و تبدّل کے طوفان میں خُدا کا شکر ہے کہ ابھی دنیا میںچند فقیرانہ طبیعت لوگ باقی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے معانی نہیں بدلے۔ ( نازؔ نظامی)



References

[edit]
[edit]